امسال عازمین میں 3 لاکھ چھتریاں تقسیم کی جائیں گی(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امورحرمین کے شعبہ سماجی خدمات کے ڈائریکٹر’جنادی مدخلی‘ کا کہنا ہے کہ ادارہ کی جانب سے ضیوف الرحمان میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد تحائف تقسیم کیے جائیں گے۔
عاجل نیوز کے مطابق ’مدخلی‘ سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام میں عازمین حج میں تحائف کی تقسیم کے منصوبے کے حوالے سے گفتگوکررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضیوف الرحمان میں تحائف کی تقسیم کا پروگرام گزشتہ 10 برس سے جاری ہے۔ ہرسال حج اور رمضان عمرہ سیزن کے دوران زائرین حرم میں مختلف نوعیت کے تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں۔
تقسیم کیے جانے والے تحائف کے حوالے سے ’مدخلی ‘ کا کہنا تھا کہ امسال حج سیزن میں ادارہ سماجی خدمات کی جانب سے 3 لاکھ چھتریاں اور1 لاکھ 50 ہزار مختلف نوعیت کے تحائف تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہےزائرین حرم میں تحائف کی تقسیم کا پروگرام ’حجاج وزائرین کی خدمت ہمارے لیے باعث فخر‘ کے عنوان سے دس برس قبل شروع کیا گیا تھا جونہ صرف بخوبی جاری ہے بلکہ ہربرس تقسیم کیے جانے والے تحائف کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
حجاج کرام میں تحائف کی تقسیم ایام حج سے قبل مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ جبکہ ایام حج کے دوران مشاعرمقدسہ میں بھی کی جاتی ہے ۔ تقسیم کی جانےوالی چھتریاں اور دیگر تحائف پرادارہ امورحرمین کا مونوگرام پرنٹ ہوتا ہے جو حجاج کے لیے ایک یادگاری تحفہ ہوتا ہے جسے وہ سنبھال کررکھتے ہیں اور اپنے ملک لے جاتے ہیں۔