Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد انتظامیہ کی تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی مشروط اجازت

تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت تقریبا 42 شرائط کے ساتھ دی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو سنیچر کی شام پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کا این او سی جاری کیا ہے تاہم اس کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کی اجازت سے مشروط بھی کیا ہے۔
جمعرات کی شام ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کیے گئے این او سی کے مطابق تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے 27 جون کو ایک درخواست دی تھی جس میں دو جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے لیے این او سی مانگا گیا تھا۔
تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دیتے ہوئے جاری کیے گئے این او سی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے عوامی اجتماعات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کے حوالے بھی دیے ہیں۔
این او سی کے مطابق جلسے کے لیے انتظامیہ کی شرائط پر علی نواز اعوان نے بیان حلفی جمع کرایا اور یقین دہانی کرائی کہ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔
تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت تقریبا 42 شرائط کے ساتھ دی گئی ہے۔
ان میں آخری شرط یہ ہے کہ این او سی سٹاف ڈیوٹیز ڈائریکٹوریٹ جی ایچ کیو راولپنڈی کی اجازت سے مشروط ہے۔
دیگر شرائط میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے شرکا کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور منتظمین کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ رات بارہ بجے تک پروگرام ختم کریں۔
شرائط کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں جلسے کے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور این او سی خودبخود منسوخ تصور کیا جائے گا۔

شیئر: