پاکستان میں امریکی سفیر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افغانستان سے انخلا میں سہولت کے لیے پاکستان کی فوری اور موثر مدد پر شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: دفتر خارجہ)
امریکہ کے پاکستان میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعے کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے امریکی سفیر کو اسناد پیش کرنے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کریں گے۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا اور باہمی احترام، اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس سال پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اس تاریخی موقع کو بھرپور طریقے سے منائیں گے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افغانستان سے انخلا میں سہولت کے لیے پاکستان کی فوری اور موثر مدد پر شکریہ ادا کیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے سے افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور اس ملک میں انسانی بحران کو روکنے میں مدد ملے گی جو حالیہ زلزلے سے مزید بڑھ گیا ہے۔
شہباز شریف نے انڈیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بی جے پی کے دو عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس، جس سے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، کی مذمت کی۔
ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم کا ان سے ملنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔