Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ ٹرانسپورٹ کی جنرل اتھارٹی میں خواتین کی شرکت

ہم مکہ مکرمہ کی رہائشی ہونے کی وجہ سے حج سیزن کا تجربہ رکھتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی نقل و حمل کے لیے نو دہائیاں قبل قائم کی گئی ٹرانسپورٹ کی جنرل سنڈیکیٹ میں پہلی بار خواتین خدمات پیش کررہی ہیں۔ جنرل کارسنڈیکیٹ ایک انتظامی ادارہ ہے جو الحاق شدہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ذریعے حجاج کی نقل و حمل کا انتظام  کرتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹرانسپورٹ کی جنرل سنڈیکیٹ میں شعبہ تعلقات عامہ میں خدمات ادا کرنے والی سعودی خاتون خدیجہ فدا نے بتایا ہے کہ گذشتہ کئی دہائیوں سےعازمین کے لیے مختلف امور کی انجام دہی میں بہت سی خواتین حکومت کے کئی اداروں میں مدد کر رہی ہیں۔

وژن2030 کے مطابق خواتین تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب  نیوز

خدیجہ فدا نے بتایا کہ میں ایک عرصہ سے اپنے والد، بھائی اور شوہر کو عازمین کی نقل و حمل کے شعبے سے منسلک دیکھ رہی تھی اور آج میں بھی اس شعبے کا حصہ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مملکت کی موجودہ  قیادت نے وژن2030 کے مطابق خواتین کے لیے خاص طور پر تمام سرکاری شعبوں میں کام کرنا اور فعال کردار ادا کرنا ممکن بنایا ہے۔
آج میں تعلقات عامہ کے امور کی انجام دہی کے لیے نقل و حمل کے ادارے(جنرل کار سنڈیکیٹ) کی نمائندگی کرتے ہوئے حج کے دوران عازمین کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ انفارمیشن سینٹر کی نگرانی کررہی ہوں۔

جنرل کار سنڈیکیٹ جیسے عظیم ادارے کے ساتھ  کام کرنے پر فخر ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

مکہ مکرمہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہونے پر فخر ہونے کے ساتھ ساتھ مجھے یہ اعزاز بھی حاصل ہے جنرل کار سنڈیکیٹ کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے حج خدمات کو کامیاب بنانے کے لیے عازمین کی محفوظ نقل و حمل میں بہت زیادہ اور فعال کردار ادا کر رہی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم مکہ مکرمہ کی رہائشی ہونے کی وجہ سے یہاں پر حج اورعمرہ سیزن کا تجربہ رکھتی ہیں۔ ہم نے مکہ مکرمہ میں حجاج کے لیے نقل و حمل کے شعبے میں زبردست اور بہترین تبدیلیاں دیکھی ہیں جس سے حجاج کو راحت ملی ہے۔

باوقار اور شاندار مشن کے طور پر حجاج کی خدمت باعث فخر ہے۔ فوٹو عرب نیوز

حج ٹرانسپورٹ ادارے  کے انفارمیشن سینٹر میں کسٹمر سروس میں خدمات انجام دینے والی سعودی خاتون مروت حباب نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین  کی خدمات پہلے سے  زیادہ  بہتر اور نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ  میرا یہ مشن ہے کہ دوران حج ہر مسافر کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے صورتحال پر غور کیا جائے اور بات چیت کے ذریعے فوری ردعمل کرتے ہوئے متعلقہ محکموں  کے ساتھ ان کے روابط استوار کرائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس طرح کی خدمات کی ذمہ داری صرف مرد حضرات تک محدود تھیں جب کہ ایک باوقار اور شاندار مشن کے طور پر حجاج کی خدمت میں حصہ ڈالنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
مروت حباب کا کہنا ہے کہ ان مبارک ایام میں مکہ مکرمہ کی رہائشی خاتون کی حیثیت سے مجھے ایک اہم اور فعال کردار اداکرنے کا موقع ملا ہے جس کے ذریعے میں اپنے مذہب اور وطن سے محبت کا اظہار کر سکتی ہوں۔

حجاج کے لیے نقل و حمل کے شعبے میں زبردست اور بہترین تبدیلیاں آئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی تعاون کے باعث انہیں ہر سال اپنے کام اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ترغیب ملے گی۔
سنڈیکیٹ میں خدمات انجام دینے والی ایک اور کسٹمر سروس سپیشلسٹ سعودی خاتون بنان بسنان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے جنرل کار سنڈیکیٹ جیسے عظیم ادارے کے ساتھ  کام کرنے پر فخر ہے۔
یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم عازمین حج کو ان کے حج کے سفر میں درپیش مسائل پر بات چیت اور شکایات دور کرنے کے لیے ان کی خدمات پر مامور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی حکومت کی شکرگزار ہوں جس نے دوران حج خواتین کو اس شعبے میں پیشہ ورانہ طریقے سے اس عظیم خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔
 

شیئر: