Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ پروجیکٹ کے تحت نئے پبلک بس منصوبے کا افتتاح

بس منصوبہ وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
گورنر مکہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل نے مکہ پروجیکٹ کے تحت نئے پبلک بس منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔ پبلک بس منصوبہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’ ڈیجیٹل مکہ نمائش‘ حال ہی میں مکمل ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے گنبد ’جدہ سپرڈوم ‘ میں منعقد کی جا رہی ہے۔ 
سپر ڈوم میں مکہ  ریجن میں پیش کی جانے والی ترقیاتی خدمات کو جدید انداز میں آنے والوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ 
شہزادہ خالد الفیصل نے نمائش میں بپلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پیش کیے جانے والے جامع منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد  بس منصوبے کا افتتاح کیا۔ منصوبے کا مقصد مکہ کے مرکزی علاقے تک آمد ورفت کو آسان بناتے ہوئے بہترین اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنا ہے۔ 
بس منصوبہ دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلا مرحلہ 12 روٹس اور 83 سٹیشنز پر مشتمل ہوگا جس میں درمیانے حجم کی بسیں استعمال کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں استعمال ہونے والی بسیں مخصوص روٹ پر چلیں گی جن کی مسافت 172 کلو میٹر ہو گی جبکہ اس کے سٹیشنز کی تعداد 342 ہو گی۔ 
بس منصوبے کے تحت 400 جدید ترین بسیں درآمد کی جائیں گی جن میں سے 240 بسیں 12 میٹر کی ہوں گی۔ ہر بس میں 85 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ دوسرا مرحلہ جس میں 18 میٹر کی بسیں شامل ہیں جن میں 125 افراد کی گنجائش ہو گی۔ 
 بسوں کو ماحول دوست بنایا گیا ہے جن سے کاربن کا اخراج کم سے کم ہو گا جس سے ماحول کے متاثرہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

 بسوں کو ماحول دوست بنایا گیا ہے، کاربن کا اخراج کم سے کم ہو گا( فوٹو ایس پی اے)

نئی بسوں میں انٹرنیٹ (وائی فائی) کی سہولت کے لیے فائر فائٹنگ کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے جبکہ بس کے اندر اور باہر نگرانی کے لیے خصوصی کیمرے نصب ہیں۔
حادثات سے بچاؤ کے لیے الیکٹرانک سسٹم بس میں نصب کیا گیا ہے جبکہ مخصوص افراد کی سہولت کے لیے ہائیڈرالک سسٹم بھی بس میں نصب کیا گیا ہے۔ مسافروں کی معلومات کے لیے بس میں ڈیجیٹل سکرینز لگائی گئی ہیں۔ بس ایک دن میں مسلسل 22 گھنٹے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 
 بس منصوبے سے جہاں عازمین حج کو فائدہ ہو گا وہاں مکہ مکرمہ میں رہنے والے بھی اس سروس سے مستفیض ہوں گے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد حج سیزن کے علاوہ عام دنوں میں عوامی ٹرانسپورٹ سے لوگوں کو مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں سے حرم مکی آنے اور واپس جانے میں کافی سہولت ہوگی جس سے سڑکوں پر ہونے والے اژدھام سے بھی نجات ملے گی۔  

شیئر: