Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینکر عمران ریاض خان کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا

عمران ریاض کے وکیل کے مطابق ’انہیں پنجاب پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر گرفتار کیا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر عمران ریاض)
پنجاب حکومت کے وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان نے کہا ہے کہ صحافی اور ٹی وی اینکر عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے وکیل نے بھی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
یہ گرفتاری منگل کی رات گئے عمل میں آئی ہے۔ عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق کا کہنا ہے ’انہیں پنجاب پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر گرفتار کیا۔‘
میاں علی اشفاق کے مطابق ’یہ گرفتاری اسلام ہائی کورٹ اور خصوصاً اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔‘
 ملک احمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ ’عمران ریاض خان کو ضلع اٹک، راولپنڈی ڈویژن سے گرفتار کیا گیا۔‘
‏ان کا کہنا تھا کہ ’عمران ریاض خان پر پنجاب میں مقدمات درج ہیں، لہذا پنجاب کی حدود میں سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ اسلام آباد سے گرفتاری عمل میں آئی۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی کی مذمت

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اینکر عمران ریاض خان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’میں آج پنجاب پولیس کی جانب سے عمران ریاض کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ملک کو فاشزم کی جانب سے دھکیلا اج رہا ہے تاکہ عوام امپورٹڈ حکومت قبول کر لے۔‘
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں بدھ کو عمران ریاض خان کی گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت صبح 10 بجے ہو گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے آئی جی اسلام آباد کی جانب سے مجاز افسر کو عدالت طلب کر لیا ہے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’آئی جی اسلام آباد وضاحت کرے عدالتی حکم عدولی کیوں ہوئی؟‘
واضح رہے عمران ریاض کی گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ توہین عدالت کرنے والے افسران کو طلب کر کے کارروائی کرے اور عمران ریاض خان کی فوری رہائی کا حکم دے۔

شیئر: