سری لنکا میں جھڑپیں، کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں: پی سی بی
ہفتہ 9 جولائی 2022 13:03
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
کولمبو میں احتجاج کے باعث کھلاڑیوںکا ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جھڑپوں کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا پر بھی غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فی الحال سیریز کا شیڈول تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
معاشی اور سیاسی بحران کی وجہ سے ملک میں حالات کشیدہ ہے۔ سنیچر کو مظاہرین کی بڑی تعداد نے صدر گوتابایا راجا پکسے کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بولا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت کولمبو میں موجود ہے اور احتجاج کے باعث کھلاڑیوں کا سنیچر کو ہونے والا ٹریننگ سیشن بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
سری لنکا میں موجود پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر احسن افتخار ناگی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے آج کا ٹریننگ سیشن منسوخ کیا گیا تھا تاہم باقی تمام سیشنز شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔‘
احسن افتخار ناگی کے مطابق ’سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور سنیچر کو ہونے والا احتجاج پہلے سے شیڈول تھا اس لیے ہوم بورڈ نے پریکٹس سیشن منسوخ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جو کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی کو گال جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل 11 جولائی سے تین روزہ وارم اپ میچ کولمبو میں شیڈول ہے جس کے بعد ٹیم گال روانہ ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘ہمیں اس وقت صورتحال کا ادراک ہے اور ہوم کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘ہم سری لنکن کرکٹ بورڈ، اپنی ٹیم مینیجمنٹ اور پاکستان کے ہائی کمیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم نے احتیاطاً آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کیا اس کے علاوہ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔‘
ترجمان پی سی بی کے مطابق ’پاکستان کرکٹ ٹیم محفوظ ہے اور شیڈول کے مطابق ٹور آگے بڑھے گا۔ میزبان بورڈ اور حکومت نے بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘