Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن کرکٹرز اور پاکستانی ٹیم کے مساجر کورونا کا شکار

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے تین اہم کھلاڑی جمعے کے روز آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے ایک دن پہلے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں جیفری وینڈرسے، آشیتھا فرنینڈو اور دھاننجایا ڈی سلوا شامل ہیں۔
کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد تینوں کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اس سے پہلے رواں ہفتے ہی انجیلو میتھیوز اور پراوین جایاوکراما بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم انجیلو میتھیوز کورونا کے بعد صحتیاب ہوگئے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کو میسر ہوں گے۔
کورونا کا شکار ہونے والے تینوں کھلاڑیوں کی جگہ انجیلو میتھیوز، ماہیش تھیکشانا اور دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں کھلایا جائے گا۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
دوسری جانب دورہ سری لنکا پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے مساجر ملنگ علی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق مساجر ملنگ علی کا کولمبو پہنچتے ہی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں ٹیم سے الگ کردیا گیا ہے۔
ملنگ علی کا پانچ دن بعد دوبارہ کورونا کا ٹیسٹ کیا جائے گا، دوبارہ مثبت آںے پر پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے مقامی مساجر کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کا پہلا میچ 16 جولائی کو گال میں کھیلا جائے گا۔
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان میں آخری ٹیسٹ میچ سے پہلے کورونا کا شکار ہونے والے انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف جمعرات کے دن پہلے ٹی 20 میچ میں روہت شرما ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
اس سے پہلے انگلیںڈ نے انڈیا کو ٹیسٹ سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کرلی تھی۔    

شیئر: