Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہلال  احمر کے رضاکار حاجیوں کی خدمت میں پیش پیش

حجاج کےمسائل فوری حل کیے جارہے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر کے رضاکار نوجوانوں نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منی سے طواف افاضہ کے لیے آنے والوں کی خدمت کرکے ان کے دل جیت لیے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’یس پی اے‘ کے مطابق  ہلال احمر کے نوجوان  دنیا بھرسے حج کے لیے آنے والے ضیوف الرحمان کی خدمت  انتہائی لگن اورپرخلوص انداز سے  کررہے ہیں کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف وپریشانی ہونے کی صورت میں اس کا ازالہ فوری طورپرکردیا جائے۔
ہلال احمر کی فیلڈ ورک ٹیم کے ایک نوجوان کا کہنا ہے کہ ’حجاج کی خدمت سرزمین سعودی عرب کا شیوہ ہے ۔  حجاج کوفوری علاج کی سہولت فراہم کرکے  ہم خدمت کے میدان میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں‘۔

خدمات معیاری انداز میں فراہم کی جارہی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

ایک اور نوجوان نے کہا کہ ’اس بار حج بے حد منظم انداز میں ہورہا ہے اور تمام کام احسن شکل میں انجام پارہے ہیں۔ حاجیوں کو  صحت خدمات بھی معیاری انداز میں فراہم کررہے ہیں‘۔
ہلال احمر کی ایک خاتون والنٹینر نے بتایا کہ ‘ہم حرم شریف آنے  والے تمام حاجیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اگر انہیں کسی بھی دشواری یا طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے ہماری ٹیم فوری مدد کو پہنچتی ہے‘۔
رضاکار نوجوان نے بتایا کہ ’ایک حاجی جنہیں طواف کے دوران شوگر میں کمی کی شکایت ہوگئی تھی۔ ان کے ساتھیوں نے ہم سے رابطہ کیا اور انہیں فوری مدد فراہم کرکے یہ شکایت دور کردی گئی‘۔
متاثرہ حاجی کے ساتھیوں نے بتایا کہ ’یہاں موجود ہلال احمر کے رضاکار ہماری جی جان سے خدمت کررہے ہیں اللہ پاک انہیں اس کا اجر دے۔ اس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں‘۔
اہلکار نے کہا کہ  ’اسی طرح کے مسائل بروقت طبی امداد کے ذریعے فوری حل کیے جارہے ہیں اور حرم شریف کے اندر اور باہر ہماری ٹیمیں تمام آلات اور لوازمات اور ادویہ کے ساتھ موجود ہیں‘۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: