Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 واپس جانے والے حجاج کو قرآن کریم کا تحفہ

شاہ فہد کمپلیکس میں اردوسمیت 76 زبانوں میں قرآن کریم کا ترجمہ کیاجاتا ہے(فوٹو، سبق)
وزارت اسلامی امور طائف ریجن کی انتظامیہ کی جانب سے  واپس جانے والے حجاج  کو خادم حرمین شریفین کی جانب سے قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا جارہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ایوان شاہی کی  خصوصی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے وزارت اسلامی امورنے واپس جانے والے حجاج  کوشاہ فہد کمپلیکس مدینہ منورہ برائے اشاعت قرآن کریم کی جانب تیارکردہ قرآن کریم کے نسخے تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
خادم حرمین شریفین تحفہ برائے حجاج مہم کے تحت امسال دس لاکھ کے قریب قرآن کریم کے نسخے حجاج کوتحفے کے طورپردیئے جائیں گے۔
شاہ فہد کمپلیکس میں تیار ہونے والے قرآن کریم کے نسخے انتہائی اعلی معیار کے ہیں۔ کمپلیکس میں قرآن کریم کے ترجمے کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت اردوسمیت 76 زبانوں میں کتاب اللہ کے ترجمے کیے جاتے ہیں۔

حجاج میں دس لاکھ قرآن کریم کے نسخے تقسیم کیے جائیں گے(فوٹو، سبق نیوز)

وزارت اسلام امور کی جانب سے اس امر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کو انکی مطلوبہ زبان کے ترجمے والے قرآن کریم کے نسخے تحفے میں دیئے جائیں۔
طائف کے بین الاقوام ہوائی اڈے سے اس وقت عرب ممالک سے آنے والے حجاج کی واپس کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ جدہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ بری اورسمندری راستے سے بھی اسی ہفتے حجاج کے قافلوں کی واپسی شروع ہوگی۔
طائف سے اپنے وطن جانے والے حجاج کرام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی مثالی میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ ایوان شاہی کی جانب سے اتنا قیمتی تحفہ ملنے پرسعودی اعلی قیادت کے شکرگزار ہیں۔

شیئر: