جو بائیڈن کا سعودی عرب کا دورہ ’امریکہ کے لیے بہت اہم ہے‘
جو بائیڈن کا سعودی عرب کا دورہ ’امریکہ کے لیے بہت اہم ہے‘
جمعرات 14 جولائی 2022 11:25
ڈینس راس کے مطابق ‘بائیڈن نے دورے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں یہ امریکہ کے لیے اہم ہے (فوٹو: شٹرسٹاک)
امریکہ کے سینیئر سفارت کار ڈینس راس نے کہا ہے کہ جو بائیڈن کے دورہ سعودی عرب سے نہ صرف امریکہ کی معاشی مشکلات سے نمٹنے کی راہ نکلے گی بلکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے لیے بھی فضا سازگار ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق واشنگٹن انسٹیٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی میں ولیم ڈیوڈسن کے ساتھ رہنے والے ڈینس راس سابق صدر بل کلنٹن کے دور میں امن کے حوالے سے خدمات انجام دینے کے علاوہ صدر جارج ایچ ڈبلیو بش اور باراک اوبامہ کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔
ڈینس راس نے عرب نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ صدارتی امیدوار اپنی مہم کے دوران کیا کہتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد کیا کرتے ہیں وہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ہوتا ہے۔
’ماضی میں جو بائیڈن کی جانب سے سعودی عرب پر تنقید اب مملکت کی اہمیت اور امریکہ کی ضروریات کے پیش نظر پس منظر میں چلی گئی ہے۔‘
انٹرویو کے دوران ڈینس راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب امریکی صدر انتخابی مہم چلاتا ہے اس کے بیانات وقت کے تقاضے کے مطابق ہوتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ایسے بہت سے صدور جن کے ساتھ میں نے کام کیا کو احساس تھا کہ مہم کے دوران کیا کہہ رہے ہیں تاہم بعد میں حقائق کا سامنا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا جو کچھ آپ مہم میں کہتے ہیں وہ بعض اوقات آپ کے اس کام کو محدود کر سکتا ہے جو آپ کر سکتے ہیں۔‘
ڈینس کے بقول ’بالآخر صدور کو مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، ان کو ہچکچاہٹ کا بھی سامنا رہتا ہے۔‘
جو بائیڈن کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب جانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت ایسا کرنا امریکہ کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’سعودی عرب کا دورہ بہت اہم ہے کیونکہ سعودی عرب کو اس وسیع اتحاد کا حصہ بننے کی ضرورت ہے۔ انہیں امریکہ کا شراکت دار بننے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم حیاتیاتی ایندھن سے دور ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں ایک دو دہائیاں لگیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم تیل اور گیس کی قیمتوں کو ڈرامائی انداز میں اوپر جاتا نہیں دیکھنا چاہتے تو ہمیں سعودی عرب کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈینس راس کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے دورے سے مشرق وسطٰی اور فلسطینیوں کو بھی فائدہ ہو گا (فوٹو: سکرین گریب، عرب نیوز)
’یہ ہمارے لیے بہت اہم ہے، میرے خیال میں انہیں (جو بائیڈن) کو بھی اس بات کا احساس ہو گیا ہے اور اس لیے وہ دورہ کر رہے ہیں۔‘
ڈینس راس نے کہا ’جو بائیڈن کے دورے سے صرف امریکہ کو ہی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ مشرق وسطٰی میں امن کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے لیے بھی سودمند ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس دورے سے کئی اہم کام ہونے جا رہے ہیں، جن میں امریکہ سعودی تعلقات کی تجدید بھی شامل ہے جو اب شراکت داری بھی بنیں گے۔
ڈینس کا کہنا تھا ’مجھے لگتا ہے تعلق مضبوط بنیادوں پر قائم ہو گا اور یہ بہت اہم بات ہے۔‘
انہوں نے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ’میرے خیال میں ہم ٹیلی کمیونیکیشن اور فائیو جی اور گرین انرجی کے حوالے سے معاہدے دیکھنے والے ہیں۔‘
’یہ سب کچھ امریکہ کے بہت زیادہ مفاد میں ہے تاہم سعودی عرب کے لیے بہت فائدہ مند ہو گا۔‘
انہوں نے مزید معاہدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں ہم دفاع کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان معاہدے دیکھیں گے۔‘
انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مملکت میں حالیہ تبدیلیوں اور ان کو آگے بڑھائے جانے کے عمل کو بھی سراہا۔