Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر سستا اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی

معاشی ماہرین کے مطابق آئندہ چند دن میں ڈالر مزید سستا ہونے کا امکان ہے: فوٹو اے ایف پی
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی بہتری دیکھی جارہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے قرض دینے کے اعلان کے مثبت اثرات مارکیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔
جمعرات کو سٹاک ایکسچینج میں حصص کی فروخت سے زیادہ خریداری کا رجحان ہے۔ دروان ٹریڈنگ مارکیٹ 400 سے زائد پوائٹس مثبت جا رہی ہے اور 100 انڈیکس بھی 42 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے۔  
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ معاہدہ ملکی معیشت کے لیے ایک اچھا قدم ثابت ہوگا لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے امپورٹ بل اور اخراجات کو بھی کم کرنا ہوگا۔ 
 سپیکٹرم سکیورٹیز کے تحقیقی شعبے کے سربراہ عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ ’آئی ایم ایف پیکج ملنے کے اعلان کے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مضبوط منصوبہ بندی کی جائے۔ امپورٹ بل کو کم کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ اپنے اخراجات کو کم کیا جائے کیونکہ آنے والے دنوں میں ان قرضوں کی ادائیگیاں بھی کرنی ہیں۔‘
الفا بیٹا کور کے سی ای او خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ ’آئی ایف ایم کے پروگرام سے ملکی معیشت کو سہرا ملا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی تو روپے کی قدر میں بھی بہتری آ سکی گی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ یہ بھی ایک خوش آئند بات ہے۔ امید ہے کہ اس کا فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ 
دوسری جانب فاریکس ڈیلرز کےمطابق انٹر بینک میں جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کہ قیمت میں کمی دیکھی گئی اور کاروبار کے پہلے گھنٹے میں ایک ڈالر کی قیمت میں 85 پیسے کی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔
ایک ڈالر کی قیمت 210 روپے سے کم ہو کر 209 روپے 15 پیسے ہوگئی ۔  
جنرل سیکریٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ کے مطابق ڈالر کی قیمت کی کمی کی وجہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے ہونے والا معاہدہ ہے جس کی وجہ سے سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جو مسلسل کم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امکان ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں روپے کی کمی میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ 

شیئر: