پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین ضمنی انتخابات کے غیر متوقع نتائج نے ملکی سیاست میں بھونچال برپا کر دیا ہے۔
تحریک انصاف کی پنجاب میں غیر معمولی جیت نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے کہ اب آگے کیا ہو گا؟ اور یہ سوال اس وقت تقریباً ہر پاکستانی کے ذہن میں ہے کہ اگر پنجاب میں تحریک انصاف حکومت بناتی ہے تو وفاق میں مخلوط حکومت کس وقت تک چل سکتی ہے؟
اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیر کے روز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس طرح قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے بھی پارٹی اجلاس طلب کیا ہے جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کام کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحتNode ID: 685821
-
کپتان کی جیت: پنجاب ضمنی الیکشن میں آخر ہوا کیا؟Node ID: 685886
یہ جماعتیں کیا فیصلہ کرتی ہیں یہ تو اگلے چند روز میں واضع ہو جائے گا لیکن سیاسی مبصرین کے مطابق اب حالات ملک میں نئے عام انتخابات کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
سابق نگران وزیر اعلی پنجاب اور سیاسی تجزیہ کار حسن عسکری رضوی سمجھتے ہیں کہ ’ان انتخابات نے پاکستان کی سیاسی صورتحال یکسر تبدیل کر دی ہے۔‘
اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’اب آئیڈیل صورت حال تو یہ ہونی چاہیے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیادت مل بیٹھے اور پاکستان کے لیے سوچے۔ جو ہونا تھا وہ ہو چکا اب صرف اور صرف ملک کی بات کی جائے اور اپنے بیانیوں میں ترمیم کریں۔‘
حسن عسکری کے مطابق ’اگر بات عام انتخابات کی طرف جاتی ہے تو بھی ٹھیک اگر کوئی اور بات نکلتی ہے تو اس میں بھی مضائقہ نہیں۔ جیسا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کرے وفاق میں اتحادی رہیں اور آئی ایم ایف ڈیل جیسے معاملات جو ملک کی بقا میں ہیں ان کا سوچا جائے۔‘
تاہم ان کا یہ کہنا ہے کہ وہ اب عام انتخابات ہی دیکھ رہے ہیں ۔ دوسری طرف کچھ آرا ایسی بھی آ رہی ہیں کہ اب معاملات اتنے سادہ نہیں رہے اور صورت حال مزید سنجیدہ ہو چکی ہے اور یہ محض چند فیصلوں کی مرہون منت نہیں رہی۔
