Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان مسٹر ایکس اور مسٹر وائی سے معافی مانگیں: شرجیل میمن

وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن کے مطابق اتحادی جماعتوں کا اجلاس منگل کو لاہور میں ہوگا۔ (فوٹو: اے پی پی)
صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان مسٹر ایکس اور مسٹر وائی سے معافی مانگیں۔
پیر کو بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انتخابی اصلاحات موجودہ حکومت ہی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس منگل کو لاہور میں ہوگا۔
’اس میں پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہوا، مختلف شہروں میں موجود رہنماؤں نے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔
’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے انتخابی اصلاحات کی جائیں گی پھر انتخابات ہوں گے اور آئینی ترامیم اسی پارلیمان سے منظور کی جائیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر صورتحال کا مقابلہ کیا ہے اور موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی سامنا کریں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ’عمران خان نے الیکشن کمیشن کو متنازع بنایا ہے۔ اس پر بھی انہیں معافی مانگنی چاہیے۔‘

شیئر: