Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فارن فنڈنگ،الیکشن کمیشن سے جلد فیصلہ سنانے کی اپیل

اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں ہو گا جس میں مجموعی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کے خلاف ممنوع فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی درخواست کی ہے۔
منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ’میں الیکشن کمیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی کے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’عمران نیازی کو ایک طویل عرصے سے ریاستی اداروں پر مسلسل حملوں کے باوجود کھُلی چھوٹ ملی جس سے ملک کو نقصان پہنچا ہے۔‘
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کا اہم اجلاس آج منگل کی دوپہر کو لاہور میں منعقد ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر دعوت دی ہے۔ 
مزید پڑھیں
اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں ہو گا جس میں مجموعی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہو گی۔  
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری گذشتہ روز ہی لاہور پہنچ گئے تھے۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس سے ایک روز قبل مسلم لیگ ن نے ایک طویل اجلاس میں ضمنی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔  
مسلم لیگ ن نے اپنے ہارنے کی وجہ ’امیدواروں کی چوائس‘ کو ٹھہرایا ہے۔ اس کے علاوہ مہنگائی اور تیل کی قیموں میں اضافوں کو بھی اس ہار کی ایک وجہ سمجھا ہے۔

شیئر: