Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوپور شرما کے ’قتل کی منصوبہ بندی‘ کرنے والے پاکستانی شہری کی گرفتاری کا دعویٰ

انڈین پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری نے نوپور شرما کے قتل کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔ ( فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈین پولیس نے راجستھان سے 24 برس کے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کو قتل کرنے کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔ 
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس افسر آنند شرما نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری کو بارڈر سکیورٹی فورس نے 16 اور 17 جولائی کی درمیانی رات سرحدی چوکی ہندو ملکوٹ سے گرفتار کیا تھا۔
’سرحد پر پیٹرولنگ ٹیم نے جب پاکستانی شہری کو مشکوک پایا تو اس کو فوری طور پر حراست میں لیا اور تلاشی لی۔‘
ان کے مطابق انٹیلی جنس بیورو، را سمیت دیگر انٹیلی جنس ادارے پاکستانی شہری سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
پولیس افسر آنند شرما نے مزید کہا کہ ’ ملزم کے بیگ میں 11 انچ کی چھری، مذہبی کتابیں، کپڑے اور خوراک تھی۔ اس نے اپنی شناخت رضوان اشرف ولد محمد اشرف کے نام سے کرائی جو منڈی بہاؤالدین کا رہنے والا ہے۔ وہ ہندو ملکوٹ کی بین الاقوامی سرحد سے انڈیا میں داخل ہوا۔‘
بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک سینیئر افسر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’ابتدائی تفتیش کے دوران مشتبہ شخص نے بتایا کہ اس نے پیغمبر اسلام کے خلاف متنازع بیان دینے پر نوپور شرما کو قتل کرنے کے لیے سرحد پار کی۔ اس نے اپنے منصوبے پر عملدرآمد سے پہلے اجمیر درگاہ کے دورے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔‘
ان کے مطابق مزید تفتیش کے لیے پاکستانی شہری کو مقامی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ اس کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جس نے آٹھ دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری کو نوپور شرما کی رہائش گاہ کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے نوپور شرما کو ان تبصروں کے بعد پارٹی عہدے سے معطل کر دیا تھا جبکہ ایک اور ترجمان نوین کمار جنڈال کو مسلم مخالف بیان پر پارٹی سے نکال دیا تھا۔

شیئر: