Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والد پر تنقید: بختاور کی عمران خان کو ہتک عزت کی کارروائی کی دھمکی

عمران خان نے آصف زرداری پر ارکان پنجاب اسمبلی کی خریدوفروخت کا الزام عائد کیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ہتک عزت کی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے والد سے متعلق کی گئی ٹویٹ کے جواب میں بختاور بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ’اب بھی ایبسلوٹلی ناٹ والی فون کال سے باہر نہیں نکلے؟ آپ ثبوت کے ساتھ عدالت کیوں نہیں جاتے، وگرنہ ہمارے وکلا سے ہتک عزت اور جھوٹ کے مقدمے کا سامنا کریں گے۔‘
اپنی ٹویٹ میں بختاور بھٹو زرداری نے مزید لکھا کہ ’آپ نے کبھی بھی آئین نہیں پڑھا کیونکہ کوئی بھی چیز آپ کو غداری کے ارتکاب سے روک نہیں سکتی۔‘

سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بدھ کی رات کی گئی ٹویٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری ’سندھ کے چوری کردہ پیسے سے وفاقی حکومت گرانے‘ کے بعد ’اب پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ چرانے‘ کی کوشش میں ہیں۔
پی ٹی آئی سربراہ نے اپنی ٹویٹ میں سپریم کورٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عزت مآب سپریم کورٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ اس تباہی سے آگاہ نہیں؟‘
عمران خان کے بیان کے بعد پیپلز پارٹی کے حامی ٹویپس سابق صدر آصف علی زرداری سے اظہار یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ان کے حق میں ٹرینڈ بھی چلا رہے ہیں۔
اسی دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے ہینڈل سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی گئی ہے جس کے مطابق ’لاہور میں سابق صدر کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں آصف علی زرداری زندہ باد ریلی‘ کا انعقاد کیا گیا۔
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں وزیراعلٰی کا انتخاب جمعہ 22 جولائی کو ہونا ہے۔ تحریک انصاف نے اپنی اتحادی مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو امیدوار نامزد کر رکھا ہے جب کہ پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ ن کی حمایت کر رہی ہے۔

شیئر: