غیرمسلم صحافی کومکہ لے جانے والا سعودی گرفتار
جمعہ 22 جولائی 2022 17:51
مکہ مکرمہ میں غیر مسلموں کے داخلے پرپابندی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ ریجن پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ غیرمسلم امریکی جرنلسٹ کو مکہ مکرمہ لے جانے اور وہاں داخل ہونے کی سہولت دینے والے سعودی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔
سعودی خبررسںا ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ غیر مسلم امریکی صحافی کو مکہ مکرمہ لے جانے والے سعودی شہری کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
مکہ مکرمہ میں غیرمسلموں کا داخلہ منع ہے۔ مقامی شہری نے امریکی جرنلسٹ کو مکہ مکرمہ لے جاکر مقررہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی جس پر اسے حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ مملکت آنے والے تمام افراد کو سعودی قوانین و ضوابط کی پابندی لازمی ہے۔ خصوصا حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) کے حوالے سے مقرر قوانین کا احترام ضروری ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہے۔ اس سلسلے میں ادنی رعایت سے کام نہیں لیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو مقررہ سزائیں دی جائیں گی۔
غیر مسلم جرنلسٹ کا کیس مقررہ قوانین کے مطابق ضروری کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا ہے۔