شمیسی چیک پوسٹ پر حج اجازت نامے چیک کرنے کے لیے خصوصی انتظامات
شمیسی چیک پوسٹ پر حج اجازت نامے چیک کرنے کے لیے خصوصی انتظامات
پیر 12 جولائی 2021 20:22
سمارٹ سسٹم سے آراستہ 16 ٹریک بنائے گئے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
گورنرمکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے پیر کو مشاعر مقدسہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں زائرین کے استقبال کے حوالے سے متعلقہ سرکاری اداروں کی تیاریوں کا معائنہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ نے الشمیسی چیک پوسٹ پر غیر قانونی عازمین حج کے اجازت نامے چیک کرنے اور انہیں حج مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا اور اس مقصد کے لیے قائم سیکیورٹی سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔
یاد رہے کہ الشمیسی چیک پوسٹ جدہ اور مقدس شہر مکہ مکرمہ کو جوڑنے والیاہم چیک پوسٹ ہے۔ بیشتر زائرین یہں سے ہو کر مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق شمیسی چیک پوسٹ پر حج اجازت نامے چیک کرنے کے لیے سمارٹ سسٹم سے آراستہ 16 ٹریک بنائے گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ گورنریٹ کا کہنا ہے کہ شمیسی چیک پوسٹ پر خصوصی انتظامات مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کیے ہیں۔
یہ پورا پروجیکٹ 1.6 ملین مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ اب تک یہاں صرف چھ ٹریک ہوتے تھے ۔اب ان کی تعداد بڑھا کر سولہ کردی گئی ہے۔
بسوں، گاڑیوں، ٹرکوں کے لیے الگ الگ ٹریک بنائے گئے ہیں۔ یہاں دفاتر، مسجد، شہری دفاع کے دو سینٹر، ہلال احمر اور سرکاری و سیکیورٹی فورس کی عمارت بھی ہے۔