سوشل میڈیا پر اسلحہ اور منشیات فروخت کرنے والا گرفتار
اتوار 24 جولائی 2022 5:11
ملزم کے قبضے سے مختلف بور کا اسلحہ اورمنشیات برآمد کی گئیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
محکمہ انسداد منشیات کا کہنا ہے کہ حائل ریجن میں سوشل میڈیا پر منشیات اور آتشیں اسلحہ فروخت کرنے والے سعودی شہری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملزم منشیات اور آتشیں اسلحہ فروخت کرنے کے لیے سوشل میڈیا کو استعمال کر رہا تھا۔
محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔
ملزم کے قبضے سے 3.3 کلوگرام چرس، 3780 نشہ آورگولیاں، 11 عدد مختلف بور کا آتشیں اسلحہ اور 168 راؤنڈز برآمد ہوئے۔
محکمہ کی تفتیشی ٹیم نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے ادارہ پراسیکیوشن جنرل کی تحویل میں دے دیا ہے جہاں مزید تحقیقات کے بعد مقدمے کا چالان فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا۔