منشیات فروشوں کے بارے میں اطلاع دینے والوں کا تحفظ
جمعرات 21 جولائی 2022 21:22
محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے اطمینان دلایا ہے کہ نشہ آور اشیا کی سمگلنگ، دھندے یا مارکیٹنگ کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے ساتھ مکمل رازداری برتی جاتی ہے۔ اطلاعات دینے والے مقامی شہری ہوں یا مقیم غیرملکی کو تحفظ دیا جاتاہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے النجیدی نے کہا کہ سعودی عرب کے امن اورسعودی نوجوانوں کو تباہ کرنے کے درپے جرائم پیشہ عناصر پر ہاتھ ڈالنے میں کسی طرح کی کوئی رعایت نہیں کی جاتی۔
النجیدی نے کہا کہ نشہ آور اشیا کی تیاری، مارکیٹنگ اور سمگلنگ کرنے والے نیٹ ورکس میں شامل عناصر کی گرفتاری میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیا جائے گا۔
النجیدی نے توجہ دلائی کہ محکمہ انسداد منشیات دوست ممالک کے متعلقہ اداروں سے مسلسل تعاون کررہا ہے اور ان کے تعاون سے نشہ آور اشیا کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہے۔
النجیدی نے پرزور اپیل کی کہ اگر کسی کے علم میں نشہ آور اشیا تیار کرنے، پھیلانے یا سمگل کرنے کی کوئی اطلاع آئے تو پہلی فرصت میں 995 پر رابطہ کرکے مطلع کیا جائے۔ ہر رپورٹ کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ مکمل رازداری برتی جاتی ہے۔