Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یقین کریں! اندرا گاندھی، کنگنا رناوت کی طرح ایکٹ کر رہی ہیں‘

فلم ایمرجنسی میں اندرا گاندھی کا کردار کنگنا رناوت ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: انسٹا کنگنا
بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت جو متنازع بیانات کے باعث تنقید کا نشانہ بنی رہتی ہیں کو آج کل ان کی نئی فلم ’ایمرجنسی‘ پر بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے۔
حال ہی میں کنگنا رناوت نے فلم کا ٹیزر جاری کیا ہے جس میں وہ انڈیا کی واحد خاتون وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
نہ صرف شائقین بلکہ بالی وڈ انڈسٹری سے بھی اداکاروں اور فلم سازوں نے کنگنا رناوت کے لیے تعریفی کلمات کہے۔
انڈین ہدایت کار رام گوپال ورما نے کچھ الگ ہی انداز میں تعریف کی۔ انہوں نے اندرا گاندھی کا ایک پرانا انٹرویو ٹوئٹر پر شیئر کیا اور ساتھ لکھا کہ ’یقین کریں یا نہ کریں، اندرا گاندھی کنگنا رناوت کی طرح ایکٹ کر رہی ہیں۔‘
یہ انٹرویو اندرا گاندھی نے سال 1984 میں دیا تھا جس میں وہ آئندہ انتخابات اور دیگر سیاسی معاملات پر بات کر رہی ہیں۔
کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رام گوپال ورما کی ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ اس کمینٹ سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے کیونکہ وہ خود اندرا گاندھی کا کردار نبھانے جا رہی ہیں۔
فلم میں اندرا گاندھی کے حریف سیاستدان جے پی نارائین کا کردار معروف اداکار انوپم کھیر ادا کر رہے ہیں۔
کنگنا رناوت نے چند دن پہلے فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’انہیں پیش کر رہی ہوں جنہیں سر کہہ کر پکارا جاتا تھا۔‘
فلم ایمرجنسی کی لکھاری اور ڈائریکٹر بھی کنگنا رناوت ہیں جبکہ اس کے ڈائیلاگ رتیش شاہ نے لکھے ہیں۔

شیئر: