سلمان خان کے بعد کترینہ کیف اور وکی کوشال کو بھی قتل کی دھمکیاں
پیر 25 جولائی 2022 11:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پانچ جون کو سلمان خان کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کی معروف اداکارہ کترینہ کیف اور ان کے شوہر وکی کوشال کو قتل کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
انڈین خبررساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق پیر کو ممبئی پولیس نے کترینہ کیف اور وکی کوشال کو قتل کی دھمکیاں دینے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوڑے کو دھمکیاں سوشل میڈیا کے ذریعے دی گئیں۔
وکی کوشال کا کہنا ہے کہ ’نامعلوم شخص نے انسٹاگرام پر دھمکی آمیز میسج پوسٹ کیا۔‘
خیال رہے گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کو بھی دھمکیاں مل چکی ہیں۔
سدھو موسے والا کو رواں سال 30 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے قبول کی تھی، اس کے بعد سے پولیس نے کئی افراد کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا، جس میں سے لارنس بشونی بھی ہیں، جن سے آج کل تفتیش جاری ہے۔
پانچ جون کو سلمان خان اور ان کے والد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔
انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی طرح دو روز قبل سلمان خان اپنی حفاظت کی خاطر اسلحہ رکھنے کے لیے لائسنس بنوانے پہنچ گئے تھے۔
سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں گرفتار لارنس بشنوئی نے 13 جولائی کو انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بشنوئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سمپت نہرا نامی گینگسٹر کو سلمان خان کو مارنے کے لیے ممبئی بھیجا تھا جنہوں نے ادکار کے گھر کے قریبی مقامات کی ریکی بھی کی تھی۔