کترینہ کیف اور وِکی کوشل کی شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
کترینہ کیف اور وِکی کوشل کی شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
جمعرات 9 دسمبر 2021 17:23
شادی کی تقریب راجستھان کے ایک قلعے میں منعقد کی گئی (فوٹو: کترینہ کیف انسٹاگرام)
اپنے انتظامات اور دیگر معاملات کی وجہ سے کئی روز تک سوشل ٹائم لائنز پر متعدد ٹرینڈز کی وجہ بننے والے جوڑے کترینہ کیف اور وکی کوشل شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی جمعرات کو راجستھان میں انجام پائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو مذہبی رسومات کے مطابق ہونے والی شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ جوڑے کے دوستوں اور شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
اداکار جوڑے کی شادی کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کترینہ کیف سرخ عروسی لباس جب کہ وکی کوشل آف وائٹ شیروانی میں ملبوس تھے۔
فنکار جوڑے کی شادی کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کی تقریب کے ٹیلی کاسٹنگ رائٹس 80 کروڑ انڈین روپے میں سٹریمنگ سروس ایمیزون پرائم کو فروخت کیے گئے ہیں۔
شادی کی تقریب ختم ہوئی تو کترینہ کیف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریب کے دوران دلہا اور دلہن کی چار مختلف تصاویر شیئر کی گئیں۔
کترینہ کیف کی جانب سے اپنی اور وکی کوشل کی شیئرکردہ تصاویر کچھ ہی دیر میں انسٹاگرام سے نکل کر ٹوئٹر، فیس بک اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہو گئیں۔