Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 فل کورٹ کی درخواست مسترد ہونے پر پی ڈی ایم کے شدید تحفظات

بلاول نے کہا کہ ہمارے متفقہ مطالبے کو مسترد کیا گیا اس لیے ہم کل کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاباب کے حوالے سے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے فل کورٹ تشیکل دینے کی درخواست مسترد ہونے پر حکمراں اتحاد نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ 
پیر کی رات ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کہا ’ہمارے وکلا نے آئین و قانون کے مطابق بینچ کو مشورہ دیا لیکن بینچ نے اسے مسترد کر دیا۔‘ 
’ہم حکومت کو مشورہ دیں گے کہ ایسی قانون سازی کریں تاکہ ملک میں استحکام ہو۔‘ 
جمعیتِ علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتحادی جماعتیں وزیراعلی پنجاب کے حوالے سے کارروائی کا بائیکاٹ کریں گی۔ 
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چونکہ فل کورٹ کے حوالے سے ’ہمارے متفقہ مطالبے کو مسترد کیا گیا اس لیے ہم کل کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔‘ 
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب امتحان سپریم کورٹ کا ہے۔  
’مطالبہ صرف یہ تھا کہ چونکہ یہ پارلیمان کا معاملہ ہے اس لیے پوری سپریم کورٹ بینچ میں شامل ہو۔‘ 
احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب میں جب وزیر اعلی کا انتخاباب ہوا تو 197 اراکین نے وزیراعلیٰ کو ووٹ دیا۔ اس پر سپریم کورٹ نے 20 ووٹ شمار نہ کرنے کا فیصلہ دے دیا جس سے وزیراعلیٰ کا انتخاب متنازع ہو گیا۔ 
احسن اقبال نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف ریویو پٹیشن سپریم کورٹ میں ابھی تک زیر سماعت ہے۔ 

شیئر: