الیکشن وقت پر ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی: پی ڈی ایم
الیکشن وقت پر ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی: پی ڈی ایم
جمعرات 28 جولائی 2022 19:21
پی ڈی ایم نے مطالبہ کیا کہ آٹھ سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیا جائے (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن)
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس کے بعد کہا ہے کہ اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشنز اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
جمعرات کو اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پراسرار خاموشی کی چادر اوڑھے ہوئے ہے۔‘
’پی ڈی ایم کے اجلاس میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آٹھ سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ کیا جائے۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ چھپانے کے لیے درجنوں اکاؤنٹس چھپائے اور غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے اربوں روپے اکٹھے کیے۔‘
’سٹیٹ بینک اور سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے تمام جرائم ثابت ہوچکے ہیں، اسرائیل اور انڈیا کے شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی گئی۔‘
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے معاشی بحران بڑا چیلنج نہیں معیشت کو دوبارہ اٹھانا چیلنج ہے، اب بھی بیوروکریسی میں پرانے عناصر موجود ہیں جو فیصلوں کو روک رہے ہیں۔‘
’آئندہ اجلاس میں حکومتی اتحاد کے ارکان شامل ہوں گے، ملکی معیشت سے منسلک قومی ادارے منگل کے روز ہمیں بریفنگ دیں گے۔‘
’پی ٹی آئی حکومت کے ساڑھے تین سال کا گند ایک سال میں صاف کرنا مشکل ہے۔ سیاسی جماعتوں کی رائے لے کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’آئین میں تمام اداروں کی حدود کا تعین کردیا گیا ہے، کوئی ادارہ دوسرے ادارے کی حدود میں مداخلت نہیں کر سکتا۔‘
مولانا فضل الرحمان کے مطابق ’فل کورٹ کے ذریعے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا جائے گا، اس ریفرنس کو سپریم کورٹ بھجوایا جائے۔‘
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ’عمران خان کہتا ہے کہ مجھے امریکہ نے ہٹایا، حالانکہ عمران خان کو تو امریکہ لایا تھا۔‘
ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی عوامی مقبولیت نہیں انہیں صرف سوشل میڈیا پر مقبول ظاہر کیا جارہا ہے۔‘
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی جس چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہے اس کا نام خود عمران خان نے ہی تجویز کیا تھا۔‘