Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کی فلمیں مسلسل فلاپ کیوں ہو رہی ہیں؟

رواں سال بالی وُڈ فلموں کے فلاپ ہونے کی شرح ان کے ہٹ ہونے سے زیادہ ہے۔ (فوٹو: یش راج فلم)
ہندی فلم انڈسٹری یعنی بالی وڈ پر گزشتہ کچھ سالوں سے فلاپ ہونے کے گھنے سائے چھائے ہوئے ہیں جو ہٹنے کا نام نہیں لے رہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے شروع ہونے سے پہلے ہی بالی وُڈ فلمیں ناکامیوں کا شکار ہیں اور اب تو حالت یہ ہے کہ کسی بھی فلم کی ریلیز سے پہلے ہی اس کی ناکام ہونے کی پیش گوئی سامنے آجاتی ہے۔
بالی وُڈ کے برے دن ایسے شروع ہوئے کہ اب اچھے دن آنے کی کوئی امید ہی نظر نہیں آرہی۔
رواں سال بالی وڈ فلموں کے فلاپ ہونے کی شرح ان کے ہٹ ہونے سے زیادہ ہے۔
حالیہ مہینوں میں شمشیرا، بنٹی اور ببلی 2، جُگ جُگ جیو، شاباش متھو، پرتھوی راج، جیش بھائی، رن وے 34، ہیرو پنتی 2، جرسی، بچن پانڈے، گنگو بائی سمیت مزید کئی فلمیں بری طرح فلاپ رہی ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ بالی وڈ کی فلمیں مسلسل کیوں فلاپ ہو رہی ہیں اور انڈسٹری زوال کا شکار کیوں ہے۔                                                                  

جنوبی انڈیا کی فلمیں اور بالی وُڈ

جنوبی انڈیا کی فلمیں یعنی تامل، تیلگو، ملیالم زبان میں بننے والی فلمیں اس وقت انڈیا بھر میں مشہور ہیں۔
عوامی سطح پر یہ جنوبی انڈیا کی فلموں کی غیر معمولی مقبولیت باہو بلی فلم کے بعد سے شروع ہوئی۔

رواں برس جرسی، بچن پانڈے، گنگو بائی سمیت مزید کئی فلمیں بری طرح فلاپ رہی ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)

بالی وڈ کی کئی سپر ہٹ فلمیں جنوبی انڈیا کی فلموں کا چربہ تھیں۔ اس کے علاوہ فلم بِین اور ناقدین ملیالم فلم انڈسٹری کے سحر میں مبتلا ہیں کیونکہ جنوبی انڈیا کی فلم انڈسٹری میں سب سے کامیاب اور اچھوتی فلمیں ملیالی فلم میکرز بنا رہے ہیں۔

ریمیک، پروپیگنڈا اور ناقص کہانیاں

بالی وڈ کے زوال کی ایک اور بڑی وجہ ریمیک، پروپیگنڈا فلمیں اور ناقص کہانیاں ہیں۔
بالی وڈ کی فلموں میں مسلسل پرانے گانوں کو نیا بنا کر اور ان میں تھوڑی بہت تبدیلیاں کرکے پیش کرنا ایک معمولی سی بات ہے۔
مداح سارا سال فلم کا انتظار کرتے ہیں اور پھر انھیں وہی گانے سننے کو ملتے ہیں جو وہ پہلے ہی سن چکے ہیں۔ اسی وجہ سے بالی وُڈ میوزک بھی زوال کا شکار ہے اور بہت ہی کم ہوتا ہے کہ موسیقی کے مداحوں کو کوئی گانا پسند آئے۔
انڈیا میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت آنے کے بعد سے لے کر اب تک بالی وُڈ میں ہندو مذہب اور انڈین تاریخ کے موضوعات پر پروپیگنڈا فلمیں بن رہی ہیں جنھیں مخصوص حلقوں کے علاوہ کہیں پذیرائی نہیں ملتی اور بقیہ فلموں کی کہانیاں اتنی ناقص ہوتی ہیں کہ فلم بین سینما کا رخ کرنے سے گھبراتے ہیں۔

نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارمز کی وجہ سے صارفین سینیما جانے کی بجائے گھر بیٹھ کر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ (فوتو: نیٹ فلکس)

آن لائن سٹریمنگ کی سہولت

کورونا کی وبا کے دوران جہاں دنیا بھر کے انسانوں کی زندگیوں اور رہن سہن میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں وہیں فلم انڈسٹریز پر بھی اس کا گہرا اثر پڑا ہے۔
نیٹ فلکس، ایمیزون پرائم اور ایچ بی او کی آن لائن سٹریمنگ کے باعث اب فلمیں دیکھنے کا رواج بدل گیا ہے۔
ان پلیٹ فارمز کی وجہ سے صارفین سینیما جانے کی بجائے گھر بیٹھ کر فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب صارفین سینیما میں چلتی ہوئی پرتھوی راج جیسی پروپیگنڈا فلم کی بجائے گھر بیٹھ کر انٹرنیشنل اور ٹی وی سیریز دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
اسی وجہ سے کورین، ہسپانوی، جرمن، تامل اور امریکی مواد کی مانگ بالی وُڈ سے زیادہ ہے۔
بالی وُڈ کو کچھ ایسا بنانا پڑے گا کہ صارف اپنا بستر چھوڑ کر سٹرینجر تھنگز کی بجائے سینما میں بالی وڈ کی فلم دیکھنے جائے۔

ٹوئٹر پر ٹرینڈ کی وجہ سے سپرسٹار عامر خان بھی اپنی آنے والی فلم ’لعل سنگھ چڈھا‘ کے بارے میں فکر مند ہیں۔ (فوٹو: لال سنگھ چڈھا)

سشانت سنگھ راجپوت کی موت اور بائیکاٹ بالی وڈ مہم

2020 میں پر اسرار طور پر خود کشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے بالی وڈ پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے بالی وُڈ کے بائیکاٹ کی مہم کا انٹرنیٹ پر ٹرینڈ چلایا گیا تھا جس کا مقصد سشانت کی موت کے پیچھے انڈسٹری میں چھپے لوگوں کو سزا دلوانا تھا۔
یہ ٹرینڈ اتنا عام ہوگیا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے اب ہر بالی وُڈ فلم کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے اور اسے فلاپ کروانے کی پوری کوشش کی جاتی ہے۔
کچھ ہی منٹوں میں سینکڑوں پروپیگنڈا اکاؤنٹس بالی وڈ مخالف مواد اپلوڈ کرتے ہیں، وٹس ایپ اور ٹوئٹر کے ذریعے اس مواد کی تشہیر کی جاتی ہے اور فلموں کو ناکام بنایا جاتا ہے۔
یہ ٹرینڈ اتنا مضبوط اور خطرناک ہے کہ سپرسٹار عامر خان کو بھی اپنی آنے والی فلم ’لعل سنگھ چڈھا‘ کے بارے میں فکر ستانے لگ پڑی ہے۔

شیئر: