Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ فنڈنگ: ’عدالت پہلی ہی سماعت میں فیصلہ اڑا کر رکھ دے گی‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے کو عدالت پہلی ہی سماعت میں اڑا کر رکھ دے گی۔‘
منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ آنے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں شیخ رشید کا مزید کہنا تھا قوم کے آٹھ سال ضائع کیے گئے، اس میں کچھ نہیں نکلا۔
ان کے مطابق ’آج عمران خان کے لیے فتح کا دن ہے، یہ جو مرضی کر لیں، ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔‘
سابق وفاقی وزیر کے بقول آج سارے ادارے عوام کے جذبات کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا دوسری پارٹیوں کی فنڈنگز کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں۔

فیصلہ چیلنج کیا جائے گا: فواد چوہدری

فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
’جن 16 اکاؤنٹس کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے، ان کو بھی قانونی ثابت کریں گے۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو پبلک کی سطح پر فنڈنگ کرتی ہے، دوسری پارٹیوں سے سیٹھ رکھے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو فنڈنگ اوورسیز پاکستانیوں نے کی۔
فواد چوہدری کے مطابق ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ یہ فارن نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے، جس کو تسلیم کر لیا گیا کہ فارن فنڈنگ نہیں تھی۔
انہوں نے غیرقانونی قرار دیے جانے والے 16 کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عمران خان نے اس لیے ڈیکلیئر نہیں کیا تھا کیونکہ وہ انہوں نے نہیں کھولے تھے اور ان کا عمران خان کے ساتھ ڈائریکٹ تعلق نہیں تھا۔
سابق وفاقی وزیر کے بقول پی ٹی آئی کی فنڈنگ کا فیصلہ تو سامنے آ گیا اب دوسری پارٹیوں کی فنڈنگز بھی سامنے لائیں جائیں۔

اسد عمر نے الیکشن کمیشن پر پی ڈی ایم کو سہولت دینے کا الزام لگایا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

اس موقع پر فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ آج پی ڈی ایم اور کچھ میڈیا ہاؤسز کے لیے مایوسی کا دن ہے۔
’آج وہ لوگ غلط ثابت ہو گئے ہیں جو کہتے تھے پی ٹی آئی پر پابندی لگ جائے گی اور انتخابی نشان واپس لے لیا جائے گا۔‘

’مسلم لیگ ن اور پی پی کی فنڈنگ رپورٹ کیوں جاری نہیں کی جا رہی؟‘

فیصلہ آنے کے بعد سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے ٹویٹ میں لکھا ’ شوق پورا کر لیا الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنا کر۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’ اب قوم جواب مانگتی ہے کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ رپورٹ کیوں جاری نہیں ہو رہی؟ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی ہدایت کو پامال کر کے الیکشن کمیشن پی ڈی ایم جماعتوں کو پناہ دے رہا ہے۔‘
بعد ازاں ایک نیوز کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ ’پی ڈی ایم والوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ عوامی طاقت کا مقابلہ کیسے کریں۔‘

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈیر سو کروڑ غیرقانی ذرائع سے حاصل کیے (فائل فوٹو)

’الیکشن کمیشن جانبدار ادارہ ہے، پی ڈی ایم کے ملحقہ ادارے کی جانب سے کئی سال سے چلنے والے ڈرامے کی آج نئی قسط پیش کی گئی۔‘
 ’بلاول بھٹو زرداری سال دو سال پہلے خود کہا کرتے تھے کہ نواز شریف نے بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے پیسے لیے۔‘
’ثابت ہو گیا عمران خان سب سے بڑے چور ہیں‘
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے فیصلہ آنے کے بعد کہا ہے کہ ’آج ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں سب سے بڑا چور عمران خان ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معمولی چوری نہیں ہے، ڈیڑھ سو کروڑ روپے ان ذرائع سے حاصل کیا گیا جن کی پاکستان کا قانون اجازت نہیں دیتا۔
شاہد خاقان عباسی کے مطابق پی ٹی آئی نے ہر طرح کے حربے آزمائے کہ کیس نہ چل سکے۔

شیئر: