منشیات رکھنے کے الزام میں عورت سمیت متعدد افراد گرفتار
ملزمان کے قبضے سے نشہ آورگولیاں اورچرس برآمد ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے کہا ہے کہ محکمہ کے اہلکاروں نے ریاض شہر میں 7 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں ضبط کرلیں اور گولیاں ذخیرہ کرنے والے ایک مقیم غیرملکی اور وزٹ ویزہ ہولڈرعورت کو حراست میں لے لیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق النجیدی نے بتایا کہ نشہ آور گولیاں رکھنے والوں کا تعلق شام سے ہے۔ ان کی بابت رپورٹ ملی تھی۔ دونوں پر نظر رکھی گئی تھی۔
النجیدی نے بتایا کہ مقیم غیرملکی اور وزٹ ویزہ ہولڈر خاتون کو حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ ریجن کی القوز تحصیل میں روڈ سیکیورٹی سپیشل فورس نے ایک یمنی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے قبضے سے 12 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے جسے وہ اپنی گاڑی کے خفیہ خانوں میں نہایت فنکارانہ طریقے سے چھپائے ہوئے تھا۔ اسے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔