ٹھنڈے چپس دینے پر میکڈونلڈ کے ملازم کو گولی مار دی، ملزم گرفتار
ملزم مائیکل مورگن کو قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ فوٹو: ڈیلی نیوز
امریکہ کے شہر نیو یارک میں بین الاقوامی فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈ کے ملازم کو ٹھنڈے چپس دینے پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیو یارک کے علاقے بروکلن میں پیر کی شام کو 20 سالہ شخص مائیکل مورگن نے میکڈونلڈ کے 23 سالہ ورکر کو گولی مار کر شدید زخمی کیا ہے۔
متاثرہ شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
یہ واقعہ میکڈونلڈ آنے والی ایک 40 سالہ خاتون اور وہاں موجود ورکر کے درمیان بحث سے شروع ہوا جب خاتون نے اعتراض اٹھایا کہ انہیں ٹھنڈے چپس دیے گئے ہیں۔
خاتون نے اپنے بیٹے مارگن کو ویڈیو کال کر کے شکایت کی جو غصے کی حالت میں ریستوران آئے۔
پولیس کے مطابق خاتون کے بیٹے مائیکل مورگن نے ملازم کے ساتھ بحث کے بعد اس پر گولی چلا دی۔
ملزم کو اس سے پہلے بھی کئی جرائم میں ملوث ہونے پر متعدد مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔
نیو یارک پولیس کے ترجمان کے مطابق مائیکل مورگن پر قتل کی کوشش اور لوڈڈ پستول رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں نیو یارک میں شوٹنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد 1,051 سے کم ہو کر 988 ہو گئی ہے۔
گن وائلنس آر کائیو کے مطابق سال 2020 میں 45 ہزار افراد پستول کے استعمال سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ ان میں سے نصف نے خودکشی کی تھی۔