Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: واشنگٹن میں بیس بال سٹیڈیم کے باہر فائرنگ، تین افراد زخمی

فائرنگ کے واقعے کے بعد بیس بال کے مقابلے کو اتوار تک ملتوی کر دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سنیچر کو ہزاروں تماشائیوں سے پُرہجوم بیس بال سٹیڈیم کے باہر تین افراد پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد کھیل روک دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ چار افراد پر فائرنگ کی گئی ہے تاہم واشنگٹن پولیس کے سیکنڈ ان کمانڈ اشان بینیڈکٹ نے بعد میں بتایا کہ واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’سٹیڈیم کے اندر بیٹھے افراد کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ جو کچھ ہوا سٹیدیم کے باہر ہوا۔‘
مزید پڑھیں
اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ چار افراد پر فائرنگ کی گئی تاہم ’اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
پولیس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ حکام اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں جس میں دو افراد پر نیشنل پارک کے باہر فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کی زد میں آنے والے دو افراد ان دو گاڑیوں میں سے ایک میں بیٹھے تھے جو فائرنگ میں استعمال ہوئی جبکہ ایک خاتون بھی زخمی ہوئیں، جو میچ دیکھنے آئی تھیں۔ 
ان کا کہنا تھا امید ہے کہ خاتون کی حالت بہتر ہے۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد ایک اور ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ’دو مزید متاثرین کو فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہونے پر علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ ’یہ ابتدائی تحقیقات ہیں اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
اے ایف پی کے دو صحافی جو موقع پر موجود تھے، کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو اپنی نشستوں پر بیٹھے رہنے کا کہا گیا تھا، کچھ تماشائی فائرنگ کی آواز سن کر نکلنے کے لیے دوڑے جبکہ کچھ اپنی نشستوں پر بیٹھے رہے۔
واقعے کے چند منٹ بعد امریکی بیس بال ٹیم واشنگٹن نیشنلز کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی کہ ’نیشنل پارک کے تیسرے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے اور شائقین سے بال پارک سے نکلنے کا کہا جا رہا ہے۔‘
فائرنگ کے واقعے کے بعد بیس بال کے مقابلے کو اتوار تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

شیئر: