Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کا احتجاج اب ایف نائن پارک میں، عمران خان خطاب کریں گے

پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے بعد ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہ ملنے اور راستے میں رکاوٹوں کے باعث الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے باہر اپنا احتجاج موخر کر دیا ہے۔  
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے احتجاج کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان آج جمعرات کی شام کارکنان سے خطاب کریں گے۔ 
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف ریڈ زون میں احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو ریڈ زون میں احتجاج سے خبردار کرتے ہوئے ایف نائن پارک اور پشاور موڑ میں احتجاج کی اجازت دی تھی۔ 
اسلام آباد کے ریڈ زون کو احتجاج سے ایک روز قبل ہی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون کے تمام داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے۔  
دوسری جانب تحریک انصاف کے اراکین پارلیمان آج سہ پہر 3 بجے قومی اسمبلی کے باہر جمع ہوں گے۔
اراکین پارلیمان کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کریں گے جہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ 
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’پوری ریاستی مشینری اور الیکشن کمیشن کی شرانگیزیوں کے باوجود پنجاب کےضمنی انتخابات میں ن لیگ کی شکست کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش رچائی ہے۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’اب عام انتخابات میں پوری پی ڈی ایم کے اسی انجام کے امکانات نے انہیں خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔‘  
کارکنان کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ‘میری اپنے تمام لوگوں کو ہدایت ہے کہ وہ آج شام 6 بجے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے ایف نائن پارک میں جمع ہوں۔ میں اس اجتماع سے شام 7:30 - 7:00 بجے کے درمیان خطاب کروں گا۔‘

شیئر: