پی ٹی آئی کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی: رانا ثنا اللہ
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’ریڈزون میں کسی کو بھی احتجاج کی اجازت نہیں، تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے خلاف ریڈ زون کے بجائے ایچ نائن پارک میں پرامن احتجاج کرسکتی ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کا آفس ریڈ زون میں ہے۔ پُرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ لوگ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ ان کو وارننگ دیتا ہوں کہ ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ’کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ کیا عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’جمعرات کو وفاقہ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مجرمانہ سرگرمی کی نشاندہی ہوئی۔ حکومت دیکھے گی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت کون کون سا محکمہ کارروائی کر سکتا ہے۔ ہم کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کریں گے بلکہ قانون کے دائرے میں رہ کر کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قانون کے مطابق نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے اور گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ثابت ہوئی ہے اور عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں۔ ’دوسروں پر چپڑاسی اور گول گپے والوں کا الزام لگاتے تھے اب ان کے اپنے چپڑاسیوں کے نام سامنے آ رہے ہیں۔‘