رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی، قومی بجٹ 77.9 ارب ریال سرپلس
دوسری سہ ماہی میں مجموعی طورپر370 ارب ریال آمدنی ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے فاضل قومی بجٹ کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری سہہ ماہی کے دوران قومی بجٹ 77.9 ارب ریال سرپلس رہا۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت خزانہ نے بجٹ کے حوالے سے شروع کی جانے والی نئی روایت کے تحت دوسری سہ ماہی کے اخراجات اور آمدنی سے متعلق اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی آمدنی 370.3 ارب ریال رہی ۔ اس میں 250 ارب ریال کی تیل آمدنی شامل ہے۔
دوسری سہ ماہی میں تیل کے ماسوا ذرائع سے 120 ارب ریال کی آمدنی ہوئی۔ علاوہ ازیں 10.2 ارب ریال ٹیکس اور سرمایہ پر منافع سے حاصل ہوئے جبکہ 64 ارب ریال سامان اور خدمات ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے اور 19 ارب ریال کی آمدنی دیگر مد سے حاصل ہوئی۔
2022 کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب کے قومی بجٹ کو دیگر ذرائع سے جو آمدنی ہوئی وہ 20.2 ارب ریال ہے۔
2022 کی پہلی ششماہی کے دوران 135 ارب ریال کی آمدنی ہوئی ۔ ان میں پہلی سہ ماہی کے 57.5 ارب ریال اور دوسری سہ ماہی کے 77.9 ارب ریال شامل ہیں۔
2022 کی پہلی ششماہی میں کل آمدنی میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔ آمدنی 648.3 ارب ریال ہوئی جبکہ 2021 کی پہلی ششماہی میں سعودی قومی بجٹ کو 452.8 ارب ریال کی آمدنی ہوئی تھی۔
سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں کل اخراجات 292.4 ارب ریال ہوئے جبکہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں کل اخراجات 292.45 ارب ریال ہوئے تھے۔
2022 کےابتدائی چھ ماہ کے دوران سعودی قومی بجٹ کے اخراجات کا حجم 512.9 ارب ریال تک پہنچ گیا جبکہ 2021 کی پہلی ششماہی کے دوران کل اخراجات 464.9 ارب ریال ہوئے تھے۔ اس سال اخراجات کا حجم گزشتہ برس کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔