الباحہ میں عہد رفتہ کی یادیں تازہ کرنے کے لیے خصوصی میلہ
الباحہ میں عہد رفتہ کی یادیں تازہ کرنے کے لیے خصوصی میلہ
اتوار 7 اگست 2022 5:08
نمائش کا مقصد نسل نو کوعہد رفتہ سے باخبر کرنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ کمشنری کے قدیم روایتی بازار ’الاطاولہ‘ میں عہد رفتہ کی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے چھٹے میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ میلے میں زمانہ قدیم کی اشیا، ملبوسات اور طرز زندگی کو اجاگرکیا جا رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الباحہ ریجن میں علاقے کی قدیم روایات کو زندہ رکھنے اور نسل نو کو اس سے متعارف کرانے کے لیے خصوصی ثقافتی میلے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
قدیم دکانیں اورروایتی اشیا بھی نمائش کا حصہ ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
میلے کی انتظامیہ نے پتھروں کے گھر کا ماڈل بھی نمائش گاہ میں بنایا ہے جبکہ زمانہ قدیم میں استعمال ہونے والی پتھرکی چکی سے آٹا پیسنے کی منظرکشی بھی کی جا رہی ہے۔
علاقے کی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لیے پرانے طرز کے کپڑوں اور آرائشی اشیا کو بھی نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
منتظمین نے عہد رفتہ میں کاشتکاری کے طریقوں کو اجاگرکرنے کے لیے بیلوں اورکھیت کا بھی بندوبست کیا ہے اور کھیت میں ہل چلاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔
ماضی میں کاشتکاری کے طریقوں کی عملی عکاسی کی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
نمائش میں روایتی سٹیج شو اورمختلف کھیلوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ علاقے کی روایتی اشیا کی ترویج کے لیے بھی خصوصی سٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ روایتی قہوہ خانے اور قدیم طرز کی دکانیں بھی شائقین کے لیے خصوصی دلچسپی کا سامان مہیا کررہی ہیں۔