آسٹریا میں باپ، بیٹی کو ڈوبنے سے بچانے والے 3 سعودی ’ہیروز‘
’اس احسان کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
تین سعودی نوجوانوں نے ڈوبتی ہوئی ایک بچی اور اس کے باپ کو بچا کر آسٹریا میں وطن عزیز کا نام روشن کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عسکر الھاجری نامی ایک نوجوان نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی بدر اور اپنے ایک رشتہ دار خالد سالم الھاجری کے ہمراہ سیر کے لیے آسٹریا گئے تھے۔ وہاں ہالسٹیٹ قریے کی جھیل کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اچانک ایک بچی کے رونے کی آواز آئی پتہ چلا کہ وہ جھیل کے کنارے بیٹھی ہوئی تھی اور 5 میٹر کی اونچائی سے جھیل میں گر گئی باپ نے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن بچاتے ہوئے وہ خود بھی ڈوبنے کے قریب پہنچ گیا۔
الھاجری نے بتایا کہ ان سے یہ منظر نہ دیکھا گیا فوری طور پر ہم تینوں جھیل میں کود پڑے۔ تیرتے ہوئے بچی کے پاس پہنچ گئے اور اسے اور اس کے باپ کو ڈوبنے سے بچالیا۔ جھیل کے ساحل پر موجود افراد یہ سارا منظر دیکھ رہے تھے۔ جیسے ہی ہمیں کامیابی ملی وہاں موجود افراد نے غیر معمولی خوشی کا اظہار کیا۔ بچی کے والدین نے ہمارے سر چومے۔ انہوں نے انتہائی جذباتی لہجے میں ہم تینوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس احسان کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔
اس حوالے سے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور صارفین نے سعودی نوجوانوں کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں