سعودی شہری کی گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی تھی ۔فوٹو:سبق
مکہ مکرمہ ریجن کی قنفذہ کمشنری میں پاکستانی واٹر ٹینکر ڈرائیور نے سعودی فیملی کی جان بچائی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری اپنے بچوں کے ہمراہ قنفذہ کمشنری کی سبت الجارة شاہراہ پرسفر کر رہا تھا کہ اچانک اس کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
شہری نے مقامی شہری دفاع سے مدد طلب کی تاہم اسی دوران ایک پاکستانی واٹر ٹینکر ڈرائیور نے گاڑی میں آگ دیکھی تو تیز رفتاری سے جائے وقوعہ پہنچا۔
پاکستانی ڈرائیورنے پہلے بچوں کو گاڑی سے باہر نکالنے میں مدد کی پھر واٹر ٹینکر کے ذریعے گاڑی میں لگی آگ بجھا دی۔
جب سول ڈیفنس کا دستہ جائے حادثہ پہنچ گیا تو اہلکار یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ جس کام کے لیے پوری ٹیم وہاں پہنچی تھی وہ کام ایک پاکستانی واٹر ٹینکر ڈرائیور نے ان کے پہنچنے سے قبل ہی انجام دے دیا تھا۔
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی ڈرائیور نے نہ صرف میری اور بچوں کی جان بچائی بلکہ بروقت و مناسب اقدام کرکے میری گاڑی کو بھی بڑی تباہی سے بچالیا‘۔
’اگر شہری دفاع کے اہلکاروں کا انتظار کرتا تو ممکن تھا پوری گاڑی جل کر خاکستر ہوجاتی‘۔
سعودی شہری نے پاکستانی ڈرائیور سے انتہائی ممنونیت اور محبت کا اظہار کیا۔ شہری دفاع کی ٹیم نے بھی پاکستانی نوجوان کا شکریہ ادا کیا اور اسے خراج تحسین پیش کیا ہے۔