سال رواں کا آخری ’سپرمون‘ کب دیکھا جا سکے گا؟
چاند کا ظاہری حجم 8 اورروشنی 16 فیصد زیادہ ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاھرۃ نے کہا ہے کہ 11 اگست 2022 جمعرات کو اس سال کا بڑا چاند ’سپرمون‘ آخری بار دیکھا جاسکے گا۔
اس کا ظاہری حجم تقریبا 8 اوراوسط روشنی 16 فیصد زیادہ ہوگی۔ بڑا چاند ایسے عالم میں نظر آئے گا جبکہ عرب دنیا کے آسمان پر شہابیوں کی بارش نقطہ عروج کو پہنچی ہوئی ہوگی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ابو زاھرۃ نے کہا کہ سپرمون کل جمعرات کو سورج غروب ہوتے ہی جنوب مشرق کے افق پر چمکتا ہوا نظر آئے گا۔ بظاہر زحل سیارے سے دائیں جانب واقع ہوگا۔ اس کا رخ آدھی رات کے بعد جنوب کی طرف ہوگا اور آسمان پر انتہائی بلندی تک پہنچا ہوا ہوگا۔
ابو زاھرۃ نے کہاکہ اس کے بعد سپرمون جمعے کی صبح 12 اگست کو مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 35 منٹ پر مکمل ہوجائے گا۔ اس وقت سورج کی طرف سے یہ 180 ڈگری کے زاویے پر ہوگا۔
ابو زاھرۃ نے توجہ دلائی کہ ’سپ مون ‘ مکمل چاند کو کہتے ہیں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب چاند کے مرکز اور زمین کے مرکز کے درمیان 362146 کلو میٹر کا فاصلہ ہوتا ہے۔
ابو زاھرۃ نے بتایا کہ آنے والی راتوں کے دوران چاند ہر روز تقریبا ایک گھنٹے تاخیر سے نمودار ہوگا اور کچھ روز بعد صرف صبح سویرے اسے دیکھا جاسکے گا۔ جمعرات کو بڑا چاند اس سال چوتھی اور آخری بار نظر آئے گا۔