سال رواں کا سب سے بڑا چاند بدھ کو دیکھا جائے گا
چاند کا ظاہری حجم تقریبا چودہ فیصد بڑا نظر آئے گا(فائل فوٹو ایس پی اے)
جدہ میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرۃ نے کہا ہے کہ سال رواں 2021 کا سب سے بڑا چاند آئندہ بدھ کو سعودی عرب سمیت پوری عرب دنیا میں دیکھا جائے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اوراخبار 24 کے مطابق ابو زاہرۃ نے کہا کہ یہ واقعہ ایسے وقت پرعمل میں آئے گا جبکہ ڈھائی برس میں پہلی بار مکمل چاند گرہن ہونے جارہا ہے۔
ابوزاہرۃ نے بتایا کہ ’بڑا چاند ایسے چاند کو کہا جاتا ہے جب چاند کے مرکز اور زمین کے مرکز کے درمیان فاصلہ 357.461 کلو میٹر ہو۔ چاند جسامت کے حوالے سے بڑی شکل میں اس وجہ سے نظر آتا ہے کیونکہ اس وقت وہ کرہ ارض سے قریب ترین پوائنٹ پر ہوتا ہے‘۔
فلکیاتی انجمن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ’ بڑاچاند سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر 2.14 منٹ پر مکمل ہوگا۔ اس وقت وہ 357.461 کلو میٹر کے فاصلے پر ہوگا۔ کرہ ارض کے قریب ترین پوائنٹ سے قریب ہونے کے باعث چاند کا ظاہری حجم تقریبا چودہ فیصد بڑا نظر آئے گا اور اس کی روشنی عام چاند کے مقابلے میں لگ بھگ 30 فیصد زیادہ ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ’ بڑا چاند سورج غروب ہونے کے بعد جنوب مشرقی افق پر نمودار ہوگا۔ اس وقت اس کا رنگ سنترے جیسا ہوگا‘۔
انجینیئر ماجد ابو زاہرۃ نے مزید کہا کہ’ بڑا چاند زیادہ پرکشش ہوگا۔ لوگوں کو یہ احساس دے گا کہ اس کا حجم بہت زیادہ ہے جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوگا‘۔
انہوں کہا کہ’ بڑے چاند کا کرہ ارض پر کوئی اثر نہیں پڑے گا البتہ اس کے کرہ ارض کے قریب ترین پوائنٹ پر آنے کی وجہ سے سمندر میں مدوجزر کا معاملہ مختلف رہے گا‘۔