شہروز کاشف نے دسویں چوٹی گشہ بروم بھی سر کر لی، ریکارڈ قائم
گشہ بروم چوٹی کی اونچائی آٹھ ہزار 80 میٹر ہے (فوٹو: الپنگلو)
پاکستان کے کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی 11 ویں بلند ترین چوٹی گشہ بروم کو بھی سر کر لیا ہے۔
الپائن کلب کے سیکریٹری کرار حیدری نے ایک بیان میں بتایا کہ شہروز کاشف نے جمعے کو علی الصبح چوٹی کو سر کیا۔
انہوں نے شہروز کاشف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے سب سے کم عمر ترین کوہ پیما بھی بن گئے ہیں جنہوں نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کی ہیں۔
گشہ بروم کی اونچائی آٹھ ہزار 80 میٹر ہے۔
شہروز کاشف کی جانب سے صبح ساڑھے پانچ بجے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ’الحمدللہ، آج میں نے گشہ بروم چوٹی سر کر لی ہے، جس کی اونچائی آٹھ ہزار 80 میٹر ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ عالمی سطح پر آٹھ ہزار سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں جبکہ پاکستان میں آٹھ ہزار سے بلند پانچ چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں کو مبارک باد بھی دی۔
گشہ بروم چوٹی کوہ قراقرم میں بلتستان کے ضلع گانچھے میں واقع ہے۔
شہروز کاشف نے گزشتہ سال 27 جولائی کو 19 برس کی عمر میں دنیا کی دوسری اونچی چوٹی کے ٹو کو سر کیا تھا۔
جس کے بعد الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہروز کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں اور یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز معروف کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ کے پاس تھا جنہوں نے 20 سال کی عمر میں کے ٹو سر کی تھی۔
آٹھ ہزار 611 میٹر بلند دنیا کی دوسری اونچی چوٹی کے ٹو سر کرنے سے قبل شہروز کاشف مئی 2021 میں آٹھ ہزار 848 میٹر بلند دنیا کی سب سے بلند قامت چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں اور انہیں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
17 سال کی عمر میں شہروز کاشف نے آٹھ ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک سر کی تھی جس پر انہیں ’براڈ بوائے‘ کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔