ضمنی انتخاب: کراچی سمیت 9 حلقوں سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے کراچی میں بھی قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے بعد سندھ کے ساحلی شہر کراچی کے قدیم علاقے لیاری سے خالی ہونے والی نشست این اے 246 سمیت تین حلقوں پر سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں۔
این اے 246 میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی سابق گورنر عمران اسماعیل نے جمع کرائے۔ پی ٹی آئی رہنما شکور شاد نے اس بار کورننگ امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ این اے 246 کی نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کے مستعفیٰ ہونے پر خالی ہوئی ہے۔
شکور شاد نے 2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو شکست دی تھی۔
اس موقعے پر سابق گورنر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ موجودہ حکومت کی تمام تر کوششوں اور سازشوں کے بعد بھی عوام کا عمران خان سے تعلق برقرار ہے۔ امید ہے کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو واضح کامیابی حاصل ہوگی۔
اس سے قبل کورنگی حلقہ این اے 239 میں کاغذات فردوس شمیم نقوی نے جمع کروائے جبکہ ملیر کے حلقہ این اے 237 میں کاغذات نامزدگی بلاول غفار نے جمع کرائے۔
واضح رہے کہ پانچ اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے وہ یہ ہیں: این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 جنوبی کراچی۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے اور استعفوں کے نوٹی فیکیشنز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اگلے ہی دن الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے ملک بھر سے مستعفیٰ ہونے والے 9 اراکین قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن خود لڑنے کا اعلان کیا تھا۔