Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر کے گرجا گھر میں آتشزدگی، سعودی عرب اور امارات کا اظہار افسوس

چرچ میں لگنے والی آگ سے 41 افراد ہلاک ہو ئے ہیں(فوٹو اے ایف پی)
مصر کے ابوسیفین گرجا گھر میں آتشزدگی پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے مصری گرجا گھر ابوسیفین میں آتشزدگی کے واقعے کو اندوہناک قرار دیا۔
دفتر خارجہ نے بیان میں مصری حکومت اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کی اور برادر ملک مصر اور اس کے عوام کے لیے امن و سلامتی کی آرزو ظاہر کی ہے۔
 اماراتی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق  متحدہ عرب امارات کے دفتر خارجہ نے گرجا گھر میں آتشزدگی سے ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

 آگ امبابہ کے گنجان آباد محلے میں ابوسفین چرچ میں لگی(فوٹو اے ایف پی)

اماراتی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ امارات، مصر اور اس کے برادر عوام، حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ  سے ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کرتا ہے۔ 
یاد رہے کہ مصر کے مقامی چرچ میں لگنے والی آگ سے 41 افراد ہلاک ہو ئے ہیں جبکہ جب کہ وزارت صحت نے کم از کم 55 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
عرب نیوز نے مصر کے قبطی چرچ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو چرچ میں بڑی آگ بھڑک اٹھی تھی۔
 آگ امبابہ کے گنجان آباد محلے میں ابوسفین چرچ میں لگی۔
تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی اطلاعات ہیں۔

شیئر: