’بہتری اسی میں ہے کہ عمران خان ایف آئی اے میں پیش ہو جائیں‘
جمعرات 18 اگست 2022 18:42
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’عمران خان کے منہ سے میڈیا کی آزادی کی باتیں مذاق سے کم نہیں‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’عمران خان اور جعلی اکائونٹس ہولڈرز کی بہتری اسی میں ہے کہ ایف آئی اے میں پیش ہو جائیں۔‘
جمعرات کو اسلام ٓباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’عمران خان فارن فنڈنگ لے کر ملک میں فساد، فتنہ اور انتشار پھیلاتے رہے۔ اب کہتے ہیں کہ وہ قانون کے آگے نہیں پیش ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر طاقتور کو قانون کے نیچے آنا چاہیے تو پھر عمران خان کو کیوں نہیں آنا چاہیے، ان سے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کا حساب کیوں نہیں لینا چاہیے؟‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے خود اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کیا، وہ خود اپنی بیٹی کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد پیشیوں پر آتے تھے۔ شہباز شریف ہر روز نیب کی عدالت اور ہائی کورٹس میں پیش ہوتے تھے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کی کہ ’جو شخص خود فارن فنڈنگ، آٹا چوری، بشریٰ بی بی، فرح گوگی کا غلام ہو، وہ ملک کو آزاد کرائے گا؟‘
وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے ایسے اکائؤنٹ سامنے آرہے ہیں جو ڈیکلیئر نہیں ہیں۔ اگر ایف آئی اے شہباز شریف، مریم نواز، سلمان شہباز، سعد رفیق، حمزہ شہباز کو صرف الزامات پر گرفتار کر سکتی تھی تو آج عمران خان کو بھی گرفتار کرنا چاہیے۔‘
مریم اورنگزیب کے بقول عمران خان کے منہ سے میڈیا کی آزادی کی باتیں مذاق سے کم نہیں۔عمران خان نے اپنے چار برسوں میں صحافیوں پر تشدد کیا اور ان کے پروگرام بند کیے۔
’آج یہ شخص کہہ رہا ہے کہ اسے آزاد میڈیا سے کوئی خوف نہیں تھا، جب پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا کالا قانون بنایا جا رہا تھا، اس وقت یہی شخص وزیراعظم تھا۔‘
شہباز گِل پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کی طبیعت نیب کی کسٹڈی میں خراب ہوئی، جو آج پمز ہسپتال میں لیٹے ہیں یہ ان کا تمسخر اڑایا کرتے تھے۔‘
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’ملک آج فارن ایجنٹ اور فارن فنڈنگ کے اثرات سے آزاد ہو گیا ہے۔ جنہوں نے ملک میں معاشی تباہی مچائی، میڈیا کی آواز بند کی، آج ملک ان لوگوں سے آزاد ہو گیا ہے۔ اب ان کے اندر جانے کا ٹائم ہے۔‘