Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر کی ملاقات

’آرمی چیف اور کمانڈر امریکی سینٹ کام کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ملاقات کی ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کی جمعرات کو پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی آرمی چیف اور کمانڈر سینٹ کام کی ملاقات میں دفاع، سکیورٹی اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر باہمی تعاون سے متعلق بات چیت کی گئی۔‘
’آرمی چیف اور کمانڈر امریکی سینٹ کام کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کا فوجی تربیتی تبادلہ پروگرام بھی زیر بحث آیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ملاقات میں پاکستانی فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور اس کے علاقائی امن کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
 کمانڈر سینٹ کام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کمانڈر سینٹ کام جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے راولپنڈی میں آرمی میوزیم کا بھی دورہ کیا۔‘

شیئر: