Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی میں سعودی سیاحوں کو لے جانے والی بس کو حادثہ

سعودی سیاحوں کی بس بحیرہ اسود کے کنارے آباد شمال مشرقی شہر ریز میں حادثے کا شکار ہوئی۔ فوٹو: روئٹرز
ترکی میں 23 سعودی سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس کو ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے۔
عرب نیوز نے الاخباریہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حادثہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ بس میں چار بچے بھی سوار تھے۔
الاخباریہ کے مطابق انقرہ میں سعودی سفارتخانہ حادثے کے بعد سعودی سیاحوں کے حوالے سے صورتحال کو دیکھ رہا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے چار مسافروں کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
سعودی سیاحوں کی بس بحیرہ اسود کے کنارے آباد شمال مشرقی شہر ریز میں حادثے کا شکار ہوئی۔
قبل ازیں سنیچر کو ترکی میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، دونوں حادثے ملک کے جنوب میں پیش آئے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ صوبہ غازیانتپ میں ایک موٹر وے پر بس اور ایمبولینس کے حادثے میں 15 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے۔

ترکی میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گورنر داوت گل نے کہا کہ اس سے قبل حادثے میں صوبائی دارالحکومت غازیانتپ اور نزپ کے درمیان روٹ پر پیش آئے حادثے میں ’ایک بس، ایک ایمرجنسی ٹیم اور ایک ایمبولینس‘ کو نقصان پہنچا۔
ڈی ایچ اے نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک مسافر بس ایمبولینس، فائر فائٹنگ ٹرک اور صحافیوں کو لے جانے والی گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جو پہلے حادثے کے مقام پر تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین پیرا میڈیکس، تین فائر فائٹرز اور ترکی کی الہاس نیوز ایجنسی کے دو صحافی شامل ہیں۔
دوسرے حادثے میں جو پہلے حادثے سے 250 کلومیٹر دور ماردین صوبے میں ڈیرک کے مقام پر پیش آیا، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے ورکرز پیش آنے والے ایک حادثے پر توجہ دے رہے تھے جب ایک ٹرک بے قابو ہو کر وہاں موجود تماشائیوں کے ہجوم پر چڑھ گیا۔
وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اس حادثے میں 26 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
کوکا نے لکھا کہ ماردین صوبے کے ڈیرک میں یہ حادثہ ایک ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

دونوں ٹریفک حادثے ملک کے جنوب میں پیش آئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ترک میڈیا نے فوٹیج شیئر کی ہے کہ ایک ڈرائیور اپنے ٹرک پر کنٹرول کھو بیٹھا، پھر قریبی گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں پر چڑھ دوڑا جو وہاں سے جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔
ترکی کی سرکاری انادولو پریس ایجنسی کے مطابق کچھ دیر پہلے اسی مقام پر تین گاڑیوں کا حادثہ پیش آیا تھا۔
وزیر انصاف بیکر بوزداگ نے اعلان کیا کہ استغاثہ نے حادثات کی دو تحقیقات شروع کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انادولو ایجنسی کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان نے وزیر داخلہ سلیمان سویلو کو بھی جائے حادثہ پر بھیجا۔

شیئر: