ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا۔ فوٹؐو: اے ایف پی
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جاری نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے دو ہفتے کی مہلت مانگ لی ہے۔
منگل کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جاری شوکاز نوٹس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے معاون وکیل نوید انجم نے موقف اپنایا کہ ’اس کیس میں بہت زیادہ دستاویزات ہیں اور انھیں اکھٹا کرنا کے لیے وقت چاہیے۔‘
چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل نوید انجم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری کارروائی کا حصہ رہے ہیں اور دستاویزت ان کے پاس پہلے سے ہی موجود ہیں تو پھر کہاں سے اکھٹی کرنی ہیں۔
تحریک انصاف کے معاون وکیل نے بینچ کو بتایا کہ ’پارٹی کے غیر ملکی چیپٹرز سے دستاویزات اکھٹی کرنی ہیں۔‘
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت چھ ستمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے ہیں جبکہ 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے جو پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت چلا رہی تھی۔
کمیشن نے تحریک انصاف کو فنڈز ضبط کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیوں نہ فنڈز ضبط کر لیے جائیں۔