Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوہلی پاکستان کے خلاف ففٹی بنا دیں تو سب کے منہ بند ہو جائیں گے‘

وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور کرکٹ کمنٹیٹر روی شاستری نے کہا ہے کہ اگر وراٹ کوہلی ایشیا کپ کے پہلے میچ یعنی پاکستان کے خلاف ففٹی سکور کر دیں تو سب کے منہ بند ہو جائیں گے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق روی شاستری نے وراٹ کوہلی کی بری فارم کے حوالے سے کہا ہے کہ ’میں نے ان سے بات نہیں کی لیکن یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ بڑے کھلاڑی ضرورت کے وقت جاگتے ہیں، انھیں آرام کی ضرورت ہوتی ہے، ذہنی دباؤ دنیا کے بہترین کھلاڑی پر بھی اثر کرتا ہے۔ دنیا میں کوئی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جس پر برا وقت نہ آئے۔‘
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ نے وراٹ کوہلی کے حوالے سے مزید کہا کہ ’وہ پرسکون ہو کر آئیں گے کیونکہ جوش ختم ہو گیا ہے۔ اگر انھوں نے پہلے میچ میں ففٹی بنا دی تو بقیہ ٹورنامنٹ کے لیے سب کے منہ بند ہوجائیں گے۔‘
’جو بھی ہوا وہ ماضی کا حصہ ہے، یاد رکھیں لوگوں کی یاداشت بہت کمزور ہے، انھیں یہ موقع ملا ہے کہ وہ اس سکون کو حاصل کریں۔‘
واضح رہے کہ روی شاستری کا شمار انڈیا کے کامیاب ترین کوچز میں ہوتا ہے۔ وراٹ کوہلی اور روی شاستری کی جوڑی کا بہت سراہا گیا ہے۔
روی شاستری کی کوچنگ اور وراٹ کوہلی کی کپتانی میں انڈیا نے 25 ٹیسٹ، 51 ون ڈے اور 43 ٹی20 جیتے ہیں۔

روی شاستری نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جس پر برا وقت نہ آئے۔ (فوٹو: روئٹرز)

انڈین کرکٹ ٹیم کے سپر سٹار بیٹر وراٹ کوہلی اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔
انہیں سینچری بنائے ایک ہزار سے زیادہ دن ہو چکے ہیں جس کے باعث ان سے ایشیا کپ کے لیے بہت امیدیں لگائی جا رہی ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔

شیئر: