Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویسے ہی چکر لگانے آیا تھا‘، سیلاب میں ریسکیو ورکرز سے مذاق؟

پاکستان میں سیلاب سے چاروں صوبوں میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور امدادی کارکن شہریوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔
اس دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ریسکیو ورکرز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں گردن تک پانی میں ڈوبے ایک نوجوان کو کشتی میں سوار کیا جا رہا ہے۔
پشتو زبان میں کیے گئے اس مکالمے میں دریا کے تیز بہاؤ میں موجود نوجوان سے ریسکیو ورکرز پوچھتے ہیں کہ وہ یہاں کیا کر رہا ہے؟
جواب میں سر پر سرخ رومال باندھے نوجوان کہتا ہے کہ ’ویسے ہی چکر لگانے آیا تھا۔‘
ریسکیو ورکرز نوجوان کو کشتی میں بٹھانے کے لیے راضی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’اللہ کے بندے، یہ کون سا وقت ہے دریا میں سیر کے لیے آنے کا۔‘
اس ویڈیو میں ایک اور دلچسپ چیز یہ ہے کہ نوجوان نے سر پر رسی سے موبائل فون بھی باندھ رکھا ہے۔
ریسکیو ورکرز بمشکل نوجوان کو کشتی میں چڑھنے کے لیے راضی کرتے ہیں تو اس دوران اُس کا موبائل فون سیلابی پانی میں گر جاتا ہے جس پر وہ ناراضی کا اظہار کرتا ہے۔
اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے حمزہ خان نے پشتو میں لکھا کہ ’اس بے وقوف کو دیکھا سیلاب میں سیر کو نکلا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ کیا رویہ ہے؟‘
مہوش قماس خان نے حمزہ خان کی ویڈیو پر لکھا کہ ’نوشہرہ میں ایک منچلے نے چکر پہ جانے کے لیے دریائے کابل کے سیلابی پانی سے کوئی بہتر جگہ نہیں دیکھی۔ گھومنے کے لیے اس کو دریائے کابل ہی مل گیا۔ ریسکیو ٹیمیں بھی یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ بے چارے سے آخر میں موبائل فون بھی گر گیا۔‘

شیئر: