سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جاری تاریخی مساجد کی تجدید، توسیع اور تزئین پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت مکہ ریجن کی 5 تاریخی مساجد کو بحال کیا جائے گا۔
اس پروگرام کا مقصد مساجد کا تحفظ، تزئین و آرائش اور ان کے فن تعمیر کو برقرار رکھنا ہے جو پچھلی صدیوں میں موسمی تبدیلیوں سے متاثر ہوا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد البیعہ جسے منی میں عباسی خلیفہ ابو جعفر المنصور نے جمرہ العقبہ کے قریب تعمیر کیا تھا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت مکمل ہونے والی پہلی مسجد ہے۔

تزئین و آرائش کے بعد مسجد البیعہ کا رقبہ 457.56 مربع میٹر ہی رہے گا۔ اس میں 68 نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔
منصوبے کے تحت جدہ گورنریٹ میں دو مساجد مکمل ہوں گی۔ ان میں حارۃ الشام میں واقع مسجد ابوعنبہ شامل ہے جو900 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔ اس مسجد کا رقبہ بحالی کے بعد 339.98 ہوجائے گا۔ 360 افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

جدہ کےعلاقے البلد کی شارع الذھب پر واقع الخضر مسجد 700 سال سے زیادہ قدیم ہے۔ تعمیر اور بحالی کے بعد اس کا رقبہ 355.09 ہوجائے گا۔ اس میں 355 نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔
الجموم گورنریٹ کے تحت ’مسجد الفتح‘ بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہے۔ اس مسجد میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز ادا کی تھی۔ اس مسجد کو 1419 ھ مطابق 1998 میں تزئین کے بعد بحال کیا گیا تھا۔ اب نئی تعمیر اور تزئین کے بعد اس کا رقبہ 553.50 مربع میٹر ہوجائے گا۔ جبکہ اس میں 333 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
