Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمیکا ٹیسٹ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

  جمیکا .... پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈین ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 152 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کو فتح کیلئے 32 رنز کا ہدف ملا جو اس نے3وکٹوں پر حاصل کرلیا۔32 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی زیادہ اچھا نہیں تھا۔ 7 رنز کے مجموعی ا سکور پر پاکستان کو 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد صرف 6 رنز اور اظہر علی ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم اور یونس خان نے  پاکستان کو فتح کے قریب پہنچایا اس موقع پر یونس خان ایل بی ڈبلیو ہوگئے بعدازاں کپتان مصباح الحق نے لگاتار 2چوکے لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ قبل ازیں پاکستانی بولرزخاص طو رپر یاسر شاہ نے ویسٹ انڈین ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا اور 6 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔ پہلی اننگز میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔  93 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر مہمان ٹیم کی جانب سے وشول سنگھ اور بشو نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ 110 رنز کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب وشول سنگھ صرف 9 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ رویندرا بیشو 18 رنز بناسکے ، انہیں محمد عباس نے آﺅٹ کیا۔ جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈوریج صفر اور الزاری جوزف صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ روشن چیز 16 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے6 ، محمد عباس نے 2 جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔میچ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے تھے۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے ا سکور 286 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئی تھی اور اس طرح پاکستان کو 121 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ آخری آو¿ٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے جنھیں چیز نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
 

شیئر: